
فیس بک کی بڑی کارروائی: 2025 کے پہلے نصف میں 1 کروڑ جعلی پروفائلز حذف
کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک (Meta) نے 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ایک بڑے احتسابی عمل کے تحت تقریباً 1 کروڑ جعلی اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ یہ جعلی پروفائلز زیادہ تر معروف صارفین یا مواد تخلیق کرنے والوں کی نقل کر رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد نہ صرف اصل تخلیق کاروں کا ڈیجیٹل مقام بحال کرنا تھا بلکہ پلیٹ فارم پر اسپیم اور نقل شدہ مواد کی روک تھام بھی شامل تھی۔
نقل شدہ مواد کی مونیٹائزیشن پر پابندی
فیس بک کے مطابق، ان جعلی اکاؤنٹس کے علاوہ 500,000 سے زائد اکاؤنٹس کو بھی اسپیم جیسا رویہ اختیار کرنے پر پابندی یا محدود کیا گیا۔ ان اکاؤنٹس کی جانب سے بار بار دوسروں کے مواد کی نقل اور پوسٹنگ کے باعث ان کی مونیٹائزیشن معطل کر دی گئی ہے۔
اے آئی کی مدد سے کارروائی
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ احتسابی مہم مصنوعی ذہانت (AI) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے انجام دی گئی۔ ان سسٹمز نے جعلی پروفائلز اور نقل شدہ مواد کی مؤثر شناخت میں اہم کردار ادا کیا۔
اصل تخلیق کاروں کو ترجیح
اس مہم کے ذریعے میٹا نے پلیٹ فارم پر اصل اور معیاری مواد کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ جعلی پروفائلز کی وجہ سے متاثر ہونے والے اورجنل کانٹینٹ کریئیٹرز کے مواد کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی محنت اور شناخت کو نقصان نہ پہنچے۔
مزید اقدامات جاری رہیں گے
میٹا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یہ احتسابی عمل مستقبل میں بھی جاری رہے گا، اور پلیٹ فارم کو صاف، محفوظ اور تخلیقی بنانے کے لیے اے آئی ٹولز کو مزید بہتر کیا جائے گا۔