انٹرٹینمنٹ

یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین صحابہ کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست، عدالت نے نوٹسز جاری کر دیے

لاہور: لاہور کی سیشن کورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین صحابہؓ کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

درخواست شہری شہزادہ عدنان نے اپنے وکیل مدثر چوہدری کی وساطت سے دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں صحابہ کرامؓ کی شان میں توہین آمیز کلمات استعمال کیے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے نیشنل سائبر کرائم کنٹرول ایجنسی (NCCIA) سے بھی رجوع کیا، تاہم وہاں مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ NCCIA کو رجب بٹ کے خلاف توہین مذہب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

ایڈیشنل سیشن جج نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ رجب بٹ ماضی میں بھی مختلف تنازعات اور مقدمات کی زد میں آ چکے ہیں۔ اس تازہ ترین ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جبکہ خود رجب بٹ نے ایک انسٹاگرام اسٹوری میں جہاز کے سفر کے دوران لکھا:
"اگر مشہور ہونا ہے تو پاکستان سے باہر جا کر ہونا۔”

یہ بیان سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مزید تنقید کا باعث بنا ہے، جب کہ قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں عدالتی کارروائی اور سائبر قوانین کے تحت باقاعدہ تحقیقات ضروری ہو چکی ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button