
آسٹریلیا سے شرمناک شکست پر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا فوری ایکشن، ہنگامی میٹنگ طلب
جمیکا: آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں بدترین شکست کے بعد کرکٹ ویسٹ انڈیز نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں خطے کے سابق عظیم کرکٹرز کو بھی مشاورت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
ڈبلیو سی اے کے صدر کشور شالو نے ٹیم کی ناقص کارکردگی خصوصاً جمیکا میں صرف 27 رنز پر ڈھیر ہونے اور 0-3 سے سیریز ہارنے کے بعد سوچ بچار کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اجلاس صرف رسمی نوعیت کا نہیں ہوگا بلکہ اس میں عملی فیصلے اور مستقبل کی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔
ہنگامی اجلاس میں ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم کھلاڑی برائن لارا، سر ویوین رچرڈز، کلائیو لائیڈ، شیونرائن چندرپال، ڈیسمنڈ ہائنز اور ایان بریڈشا کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ تمام سابق کرکٹرز ٹیم کی بہتری کے لیے اپنی ماہرانہ آراء اور قابلِ عمل سفارشات پیش کریں گے۔
صدر کشور شالو کا کہنا تھا:
"یہ شکست ہر ویسٹ انڈین کے لیے دل خراش ہے، میرے لیے بھی۔ لیکن یہ وقت تقسیم کا نہیں بلکہ اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کا ہے۔ ہمیں اپنی کرکٹ کی بنیادوں کو دوبارہ مضبوط کرنا ہوگا اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز سے پہلے ٹیم کو ایک مضبوط اور متوازن یونٹ میں تبدیل کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ میں اس وقت جس بحران کا سامنا ہے، اس پر قابو پانے کے لیے ماہرین کے مطابق صرف بیٹنگ یا بولنگ کی تکنیکی اصلاحات ہی نہیں بلکہ مکمل ڈھانچے کی بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔