
پاکستان نے انڈونیشیا کو شکست دے کر انڈر 16 ایشین والی بال چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
کراچی: پاکستان کی انڈر 16 والی بال ٹیم نے ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ کے کوارٹر لیگ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کو سیدھے سیٹوں میں 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
تھائی لینڈ میں جاری چیمپیئن شپ کے تحت بدھ کو کھیلے گئے کوارٹر لیگ کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے کسی بھی سیٹ میں انڈونیشیا کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مکمل برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے نہ صرف فائنل فور میں رسائی حاصل کی بلکہ آئندہ عالمی جونیئر والی بال چیمپیئن شپ میں شرکت کا حق بھی حاصل کر لیا۔
پاکستان جمعرات کو کوارٹر لیگ کے دوسرے میچ میں ایران سے مقابلہ کرے گا، جو سیمی فائنل سے پہلے ایک رسمی میچ ہوگا کیونکہ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے۔
اس سے قبل، پاکستانی ٹیم نے گروپ ڈی میں مسلسل کامیابیاں سمیٹتے ہوئے جنوبی کوریا، سعودی عرب اور چائینیز تائپے کو شکست دی تھی۔ ناقابل شکست رہتے ہوئے قومی ٹیم نے گروپ چیمپیئن کی حیثیت سے کوارٹر لیگ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی شائقین اور ماہرین سے بھرپور داد سمیٹ رہی ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ نوجوان کھلاڑی ایشین چیمپیئن شپ میں مزید فتوحات کے ساتھ قوم کا نام روشن کریں گے۔