
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ میرٹ پر کام کریں، کسی کی ناجائز سفارش نہ مانیں اور نہ ہی کسی کے دباؤ میں آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ "میں نے آج تک کوئی سفارش نہیں کی، آپ بھی صرف میرٹ کو دیکھیں، ہم سب کو اللہ کو جواب دینا ہے۔”
پشاور میں پولیس کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ فورس کی خدمات کی ایک طویل تاریخ ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پولیس کا سالانہ بجٹ 124 ارب روپے سے بڑھا کر 158 ارب روپے کر دیا گیا ہے تاکہ فورس کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال پولیس کو بلٹ پروف جیکٹس سمیت جدید ساز و سامان فراہم کیا جائے گا۔
شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹ دینے کا اعلان
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی فہرست موصول ہو چکی ہے اور ان کے اہل خانہ کو پلاٹ دیے جائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا:
"خیبر پختونخوا پولیس کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سرکاری خزانہ حاضر ہے۔”
سیف سٹی منصوبے پر پیش رفت
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے چار اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے، جس کا مقصد شہریوں کی سیکیورٹی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر بنانا ہے۔
غریبوں کے چالان سے گریز، قانون شکنی پر کوئی رعایت نہیں
وزیراعلیٰ نے پولیس کو تاکید کی کہ وہ غریبوں کو چالان کرنے کے بجائے صرف وارننگ دیں، تاہم امیر طبقے یا بڑی گاڑی والوں کو کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔
"بڑی گاڑی والوں کو پیغام دیں کہ انہوں نے قانون توڑا ہے، اور قانون سب کے لیے برابر ہے،” علی امین گنڈاپور نے کہا۔