
لندن: (زاید خٹک )
برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ یہ پیشرفت پاکستان کی ایوی ایشن سیفٹی میں نمایاں بہتری کا نتیجہ ہے۔
بدھ کے روز برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایوی ایشن سیفٹی میں مثبت تبدیلیوں اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کے بعد برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے یہ اہم فیصلہ کیا۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سیفٹی لسٹ سے نکالنے کا عمل ایک آزاد، شفاف اور تکنیکی بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا
میں برطانیہ اور پاکستان کے ماہرینِ ہوابازی کی شکر گزار ہوں جنہوں نے باہمی تعاون سے بین الاقوامی حفاظتی معیارات کو حاصل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پروازوں کی بحالی میں کچھ وقت لگے گا، مگر وہ مستقبل میں پاکستانی ایئرلائنز سے سفر کرنے اور پاکستانی خاندانوں سے دوبارہ جُڑنے کی منتظر ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف قومی ایئرلائن پی آئی اے بلکہ دیگر نجی ایئرلائنز کے لیے بھی یورپی منڈیوں تک رسائی کے دروازے کھلیں گے، جس سے پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کو معاشی طور پر بھی سہارا ملے گا۔
یاد رہے کہ 2020 میں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) اور برطانیہ نے پاکستانی پائلٹس کے لائسنسنگ اسکینڈل کے بعد پاکستانی ایئرلائنز پر پروازوں کی پابندی عائد کی تھی۔ اس کے بعد پاکستان نے اپنی ایوی ایشن پالیسی اور حفاظتی اقدامات میں نمایاں اصلاحات کیں، جنہیں عالمی اداروں نے سراہا ہے۔