
لاہور/فیصل آباد/سمندری: پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا زوردار اسپیل جاری ہے، جس کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ شدید بارشوں سے معمولات زندگی متاثر اور کئی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے نواحی گاؤں مریدوال میں افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں میاں بیوی، بہو اور دو پوتیاں شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رائیونڈ کے علاقے کوٹ جمال پورہ میں بھی گھر کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک اور واقعے میں مزید تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
فیصل آباد میں سیتانہ روڈ پر واقع ایک مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ ان کے تین بچے زخمی ہو گئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سمندری میں بھی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واسا کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک بارش کے چار اسپیل ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر، اور تاج پورہ میں 167 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث لاہور کی متعدد سڑکیں زیرآب آ گئیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہنے اور ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ملک کے دیگر حصوں، خصوصاً پنجاب کے مختلف شہروں اور جڑواں شہروں (اسلام آباد و راولپنڈی) میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ضرور ہوا ہے مگر جان و مال کا نقصان تشویشناک صورت اختیار کر چکا ہے۔