پاکستانتازہ ترین

ہیںہم جیلوں میں بیٹھے ہیں، آپ اختلافات پیدا کر رہے ہیں ، ہم قربانی دے رہے ہیں، آپ انتشار پھیلا رہے،عمران خان کا سخت پیغام

لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی میں جاری اختلافات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور اجلاس کے حوالے سے اختلافات جان بوجھ کر پیدا کیے جا رہے ہیں۔ ان کا دوٹوک پیغام ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کریں اور سارا فوکس تحریک پر رکھیں۔

یہ اہم پیغام علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران دیگر دو بہنوں کے ہمراہ قوم کے سامنے رکھا۔

علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج دو واضح پیغامات دیے ہیں۔ ایک جانب انہوں نے اپنی اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ہونے والے مبینہ ناروا سلوک پر آواز بلند کی، تو دوسری طرف پارٹی قیادت اور کارکنان کو اتحاد اور یکجہتی کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ "عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے ٹی وی اور اخبارات بند کیے گئے ہیں، جیل میں میرے بنیادی انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ایک شخص کے اشارے پر ہو رہا ہے، اور ان تمام مظالم کا احتساب ہونا چاہیے۔”

عمران خان نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لاہور اجلاس میں 300 پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی، جو تحریک کے ساتھ جڑے رہنے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے سختی سے کہا، "جو اختلاف پیدا کرے گا، اسے میں خود دیکھوں گا۔ ہم جیلوں میں بیٹھے ہیں اور کچھ لوگ پارٹی میں اختلاف پیدا کر رہے ہیں، یہ ناقابل قبول ہے۔”

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی فیملی مکمل طور پر پارٹی کے فیصلوں اور بانی تحریک انصاف کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے۔ "ہم دو سال سے جیل آ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بانی کے پیغامات پر عملدرآمد ہو اور ان کے ساتھ ہونے والا غیر انسانی سلوک بند کیا جائے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی نظر میں فیصلہ اب پارلیمنٹیرینز کو کرنا ہے کہ وہ سیاست میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ بقول علیمہ خان، "بانی کا کہنا ہے کہ اگر کیسز سنے جائیں، تو سب کچھ واضح ہو جائے گا، اور بات ختم ہو جائے گی۔”

پارٹی رہنماؤں کا عزم: تحریک جاری رہے گی
پی ٹی آئی رہنما ملک احمد خان بچھر نے اعلان کیا کہ لاہور میں 5 اگست تک تحریک جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 ارکانِ اسمبلی کے معاملے پر اسپیکر سے بات ہوئی ہے، اور اپوزیشن کو احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا۔

دوسری جانب، پارٹی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی واضح ہدایت ہے کہ لاہور اجلاس سے متعلق میڈیا پر بھرپور بات کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پارٹی میں ٹکٹ صرف پیسے کی بنیاد پر نہیں دیا جائے گا، اب ہمیں مل کر اکٹھے چلنا ہے۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button