پاکستانتازہ ترین

سیاست میں نیا موڑ: ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا

کراچی: پاکستان کی معروف سماجی رہنما اور صحافی، ریحام خان نے باقاعدہ طور پر سیاست میں قدم رکھتے ہوئے اپنی نئی سیاسی جماعت "پاکستان ریپبلک پارٹی” کے قیام کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان انہوں نے کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، جہاں انہوں نے عوامی مسائل اور سیاسی اصلاحات پر مبنی اپنی پارٹی کا وژن بھی پیش کیا۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی پریس کلب سے وعدہ کیا تھا کہ اگر کبھی کوئی اہم اعلان کرنا ہوا تو وہ یہیں سے کریں گی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا، "پاکستان ریپبلک پارٹی عوام کی آواز بنے گی اور حکمرانوں کا مؤثر احتساب کرے گی۔ ہماری جدوجہد عوامی مسائل کے حل اور ایک شفاف نظام کے قیام کے لیے ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان میں شہرت یا اقتدار کے لیے نہیں آئیں بلکہ عوام سے جڑنے اور خدمت کے جذبے سے سیاست کا آغاز کر رہی ہیں۔ ریحام خان کا کہنا تھا، "2012 سے لے کر آج تک میں نے پاکستان کو قریب سے دیکھا ہے۔ یہاں صاف پانی، بنیادی صحت، اور تعلیم جیسی سہولیات کا فقدان ہے، اور یہی وہ محرکات ہیں جنہوں نے مجھے میدان سیاست میں آنے پر مجبور کیا۔”

انہوں نے پاکستانی میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا، "ہمیں سیاسی جوڑ توڑ سے نکل کر اصل عوامی مشکلات پر بات کرنی چاہیے۔”

ریحام خان نے موجودہ پارلیمانی نظام پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ ایسے نظام کو چیلنج کرنے آئی ہیں جہاں مخصوص خاندانوں کا راج ہے۔ ان کا عزم ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے چہرے بدل کر دکھائیں گی۔

پاکستان ریپبلک پارٹی کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستانی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز ہو چکا ہے، اور وقت بتائے گا کہ ریحام خان کی یہ جدوجہد کس حد تک عوام کے دل جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button