
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آج شام ایوانِ صدر میں اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔ یہ ملاقات موجودہ سیاسی، اقتصادی اور انتخابی صورتحال کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات بھی سرفہرست ہوں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان انتخابی حکمتِ عملی اور ممکنہ اتحاد پر مشاورت متوقع ہے۔
مزید برآں، صدر مملکت آصف علی زرداری بجلی کے بلز میں عوام کو ریلیف دینے سے متعلق معاملہ بھی اٹھائیں گے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کی جائے گی تاکہ عوام کو درپیش مہنگائی میں کچھ ریلیف دیا جا سکے۔
ملکی سطح پر جاری سیاسی تعاون اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات اس ملاقات کے ایجنڈے کا مرکزی حصہ ہوں گے، جس سے مستقبل کی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔