
کراچی: برطانوی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ آج سے پاکستان سے برطانیہ جانے والے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کو پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ برطانوی حکومت نے ویزا کے عمل کو مزید آسان اور جدید بنانے کے لیے فزیکل امیگریشن دستاویزات کی جگہ ڈیجیٹل امیگریشن سٹیٹس یعنی "ای ویزا” متعارف کرایا ہے۔
ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ای ویزا ایک آن لائن نظام ہے جس میں کسی فرد کی برطانیہ میں امیگریشن کی اجازت اور متعلقہ شرائط کا مکمل ریکارڈ موجود ہوتا ہے، جسے یو کے ویزا اینڈ امیگریشن (UKVI) کے اکاؤنٹ میں لاگ ان کر کے دیکھا جا سکتا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ سہولت چھ ماہ سے زیادہ کی میعاد کے لیے ویزا درخواست دینے والے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی ویزے کے عمل کو نہ صرف زیادہ آسان بلکہ محفوظ بھی بنائے گی، اور اس دوران درخواست گزار کا پاسپورٹ اس کے پاس ہی رہے گا، جس کے باعث پاسپورٹ جمع کروانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
یہ اقدام پاکستانی مسافروں کے لیے ویزا کے عمل کو تیز اور سہل بنانے کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے امیگریشن نظام میں ڈیجیٹل انقلاب کا اہم حصہ ہے۔