
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 1 لاکھ 37 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر لی۔
کاروبار کے دوران انڈیکس میں 1,176 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد 100 انڈیکس 137,678 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ دورانِ ٹریڈنگ انڈیکس ایک موقع پر 137,688 پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح کو بھی چھو گیا۔
یہ تیزی گزشتہ روز کی زبردست کارکردگی کے تسلسل کا نتیجہ ہے، جب کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس 136,502 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، جس کی وجہ اقتصادی اشاریوں میں بہتری، بیرونی سرمایہ کاری کی توقعات اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کو قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان جاری رہا تو اسٹاک مارکیٹ مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے، تاہم سیاسی اور معاشی استحکام اس کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔