
پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث افسوسناک طور پر 10 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جن میں 8 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر، مالاکنڈ، کوہاٹ، باجوڑ، ہری پور اور لکی مروت میں بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں جانوں کا ضیاع ہوا۔ ان میں آسمانی بجلی گرنے، دیواروں اور چھتوں کے گرنے اور پانی میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعات شامل ہیں۔
ضلع خیبر میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔ مالاکنڈ میں دیوار گرنے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کوہاٹ اور ہری پور میں مکانوں کو نقصان پہنچنے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔ سب سے افسوسناک سانحہ لکی مروت میں پیش آیا جہاں بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب گئے۔
پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے علاقوں میں جانے سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب نہ جائیں، اور بچوں کو پانی سے دور رکھیں۔
ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ موسم کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور خطرے کے پیش نظر بروقت الرٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔