
کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد، تحقیقات جاری
کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملی ہے، جس کے حوالے سے پولیس تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ لاش کی بدبو 5 سے 40 دن تک محسوس کی جا سکتی ہے، اور اس دوران حمیرا کے ہمسایے بھی اپنے فلیٹ میں موجود نہیں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اداکارہ کے پڑوس میں موجود فلیٹ بھی کافی عرصے سے خالی تھا اور جس کمرے سے لاش ملی، وہاں کی واش روم کی کھڑکی کھلی تھی جس سے ممکن ہے کہ بدبو باہر آتی رہی ہو۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ فلیٹ کی مینجمنٹ کمیٹی، چوکیدار اور ہمسایوں کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے گا تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
اسد رضا کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر کراچی سے لاہور کا سفر بھی کرتی رہتی تھیں، اس لیے لوگ سمجھتے رہے ہوں گے کہ وہ لاہور گئی ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ 7 اکتوبر 2024 کو پیش آیا، اور اسی کے تین دن بعد چوکیدار نے انہیں فون کیا مگر جواب نہیں ملا۔ بعد ازاں حمیرا کے ایک دوست نے بھی رابطہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی، جہاں مالک مکان کرایہ کی عدم ادائیگی پر عدالت سے حکم لے کر فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش ڈی کمپوز کے آخری مراحل میں تھی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ کی وفات تقریباً 8 ماہ پہلے ہوئی۔
پولیس نے معاملے کی مکمل تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ موت کے اس راز کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔