کھیل

یقین اور جذبے کی تازہ مثال: حسیب اللہ خان نے انگلینڈ منتقلی کی افواہوں کی تردید کر دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ خان نے ملک چھوڑ کر انگلینڈ منتقل ہونے کی سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں کہ نوجوان کرکٹر انگلش کرکٹ میں طویل المدتی مستقبل کے لیے انگلینڈ جا چکے ہیں، تاہم 22 سالہ کھلاڑی نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں ان تمام رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے۔

حسیب اللہ خان نے لکھا کہ وہ اپنے ڈومیسٹک کاؤنٹی کنٹریکٹ اور دیگر کرکٹ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے انگلینڈ گئے ہیں اور وہ پوری لگن اور جذبے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی غلط خبر یا افواہ پر یقین نہ کریں اور پاکستان کے لیے ان کا حوصلہ بڑھاتے رہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فیس بک پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حسیب اللہ خان نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) کے ایجنٹوں سے ملاقات کی ہے تاکہ انگلینڈ میں اپنے کرکٹ کیریئر کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کی جا سکے۔

حسیب اللہ خان نے اب تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 12 کی اوسط سے 36 رنز اسکور کیے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے، لیکن اب تک ایک میچ ہی کھیلا ہے جس میں انہوں نے سات رنز بنائے۔

حسیب اللہ کی وضاحت سے نہ صرف ان کی ملک سے محبت کا ثبوت ملتا ہے بلکہ یہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک خوش آئند خبر بھی ہے کہ ہمارا نوجوان ٹیلنٹ اپنے ملک کی خدمت کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ پاکستان زندہ باد!

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button