اوورسیزتازہ ترین

برمنگھم میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا شاندار پاور شو، ہال ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا

برمنگھم (رپورٹ: زاہد خٹک)
برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام ایک پُروقار اور شاندار جلسہ عام منعقد ہوا، جس میں کشمیری کمیونٹی، سیاسی و سماجی شخصیات، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جب کہ جلسے کی صدارت آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر نے کی۔ جلسے کا اہتمام مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر عبدالرحمٰن ارائیں کی قیادت میں کیا گیا تھا۔

جلسہ گاہ "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، جب کہ مقررین نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی، پاکستان کی ترقی اور اوورسیز کمیونٹی کے کردار کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

"کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” — مقررین
اپنے خطاب میں شاہ غلام قادر، راجہ حق نواز جانباز اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی، اور آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کو مقدم رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے کا خطاب
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا:

"انشاءاللہ جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا، پاکستانی عوام اور حکومت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔”

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان ریلوے نے اپنی 77 سالہ تاریخ میں اس سال سب سے زیادہ منافع کمایا، جو حکومت کی موثر پالیسیوں اور اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

مریم نواز کی قیادت، اورسیز پاکستانیوں کا کردار
حنیف عباسی نے پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ:

"قبضہ مافیا، جرائم پیشہ عناصر اور بدعنوان گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، ریاستی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔”

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو "ملک کا اثاثہ” قرار دیتے ہوئے ان کے لیے ووٹ کے حق کی حمایت کی اور کہا کہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے انہوں نے ملکی معیشت پر اپنے اعتماد کا بھرپور اظہار کیا ہے۔

"قوم ترقی چاہتی ہے، نہیں انتشار”
وفاقی وزیر نے کہا کہ مظاہروں اور انتشار کی سیاست کا دور گزر چکا ہے، اب قوم خدمت، استحکام اور ترقی چاہتی ہے۔ انہوں نے عسکری قیادت، شہداء اور پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

"آج پاکستانی قوم کی آواز دنیا میں سنی جا رہی ہے، یہ ہماری قومی یکجہتی اور عسکری حکمتِ عملی کا ثمر ہے۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button