
اسلام آباد (پیر): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج چین روانہ ہوں گے جہاں وہ 14 سے 16 جولائی تک تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں چین، بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس خطے میں باہمی تعاون، سیکیورٹی، تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں علاقائی صورتِ حال اور تعاون کے امکانات پر گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اگست میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ امکان ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ دورے کی حتمی تاریخ پر مشاورت جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال کے تناظر میں یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جا رہا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر تک تیانجن میں منعقد ہوگا، جس میں اعلیٰ قیادت کی شرکت خطے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔