اوورسیزتازہ ترین

ایران کی نئی شرائط: جوہری مذاکرات صرف یورینیم افزودگی کے حق کی تسلیم پر ممکن، دفاعی امور پر کوئی بات نہیں ہوگی

تہران: ایران نے آئندہ جوہری مذاکرات کے لیے نئی اور سخت شرائط کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی بنیاد یورینیم افزودگی کے حق کی تسلیم پر ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اس بنیادی حق کے بغیر کسی معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا۔

قطری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا:

"یورینیم افزودگی کا حق ایران کی خودمختاری، سائنسی ترقی، اور پُرامن ایٹمی توانائی کے استعمال سے جڑا ہوا ہے۔ ہم نے اس کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور یہ حق ناقابلِ معاہدہ ہے۔”

اقوام متحدہ کی ممکنہ پابندیوں پر سخت انتباہ
ایرانی وزیر خارجہ نے متنبہ کیا کہ اگر اقوام متحدہ کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کی گئیں، تو یہ یورپ کے سفارتی کردار کے خاتمے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کسی بھی پیش رفت کی صورت میں ایرانی ایٹمی پروگرام میں یورپی شراکت داری مکمل طور پر ختم تصور کی جائے گی۔

مذاکرات کی حدود واضح، دفاعی امور پر بات ممکن نہیں
عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات صرف جوہری معاملات تک محدود ہوں گے۔

"ہم اپنے دفاعی معاملات پر کسی قسم کی بات چیت نہیں کریں گے۔ یہ ہماری قومی خودمختاری کا معاملہ ہے۔”

ایٹمی بم کو "غیر اسلامی اور غیر انسانی” قرار
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، کیونکہ یہ اسلام اور انسانیت کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام صرف پُرامن مقاصد کے لیے ہے، اور ہم اس مؤقف پر ہمیشہ قائم رہیں گے۔

پس منظر: JCPOA اور ٹرمپ دور کا تناؤ
واضح رہے کہ 2015 میں ہونے والا جوہری معاہدہ، جسے JCPOA (مشترکہ جامع پلان آف ایکشن) کہا جاتا ہے، اس وقت تعطل کا شکار ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران اس معاہدے سے یکطرفہ علیحدگی اختیار کی۔
اس اقدام کے بعد ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا، جس کا اثر آج بھی جاری مذاکرات پر پڑ رہا ہے۔

ایران کا دوٹوک پیغام
آخر میں عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ:

"اگر ایران پر حملے کی کوئی کوشش کی گئی تو ہمارا ردعمل پہلے سے زیادہ فیصلہ کن اور افسوسناک ہوگا۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button