
احمد علی بٹ کی وضاحت: "ویوز کے لیے نہیں، حمیرا اصغر کی سچائی سامنے لانے کے لیے انٹرویو دوبارہ اپ لوڈ کیا”
کراچی: معروف اداکار، میزبان اور پوڈکاسٹر احمد علی بٹ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر جاری ایک تفصیلی وضاحت میں اس تاثر کو سختی سے رد کیا ہے کہ انہوں نے مرحومہ اداکارہ حمیرا اصغر کا پرانا انٹرویو دوبارہ صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے اپ لوڈ کیا۔
احمد علی بٹ کے مطابق، ان کا یہ قدم صرف اس نیت سے اٹھایا گیا کہ لوگ حمیرا اصغر کی اصل شخصیت، ان کی جدوجہد اور خیالات کو ان کے اپنے الفاظ میں سن سکیں، کیونکہ سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں بہت سی غلط اور گمراہ کن باتیں پھیلائی جا رہی تھیں۔
یاد رہے کہ 2024 میں احمد علی بٹ نے حمیرا اصغر کا ایک تفصیلی انٹرویو ریکارڈ کیا تھا، جب وہ شوبز میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اُس وقت یہ ویڈیو زیادہ توجہ حاصل نہ کر سکی، مگر حالیہ سانحۂ موت کے بعد جب عوامی دلچسپی بڑھی تو احمد علی بٹ نے یہی انٹرویو دوبارہ اپ لوڈ کیا، تاکہ ناظرین ان کی زندگی کا اصل پہلو دیکھ سکیں۔
نئی اپ لوڈ میں تھمب نیل پر حمیرا کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر کے ساتھ "Last Interview”، "Rest In Peace” اور "انا للہ وانا الیہ راجعون” کے الفاظ شامل کیے گئے تاکہ یہ واضح کیا جا سکے کہ یہ ایک تعزیتی اور سچ پر مبنی مواد ہے، نہ کہ سنسنی یا فائدے کے لیے بنایا گیا کوئی کلپ۔
ویڈیو نے ایک دن میں 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد ویوز حاصل کیے، جس پر کچھ سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی کہ شاید یہ اقدام مقبولیت کے لیے تھا۔ تاہم، احمد علی بٹ نے اس تاثر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو اس پر کوئی مالی فائدہ چاہتے ہیں اور نہ ہی یہ عمل ویوز کے لیے کیا گیا، بلکہ یہ حمیرا کی اصل شخصیت اور سچ کو اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بہت سے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا صفحات جھوٹی معلومات پھیلا کر حمیرا کے نام پر فائدہ اٹھا رہے ہیں، جو کہ ایک افسوسناک عمل ہے۔
احمد علی بٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں، حمیرا اصغر کے لیے دعائے مغفرت کریں، اور ان کی زندگی کو مثبت انداز میں یاد رکھیں۔