
بہاولپور/کراچی: بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ حادثہ حاصل پور چشتیاں روڈ پر اس وقت پیش آیا جب بہاولپور سے بہاولنگر جانے والی مسافر کوچ نے سامنے سے آنے والی کار کو زور دار ٹکر مار دی۔
ریسکیو کنٹرول کے مطابق کار میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سوار تھے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال حاصل پور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ مسافر کوچ کی تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بھی افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ان دو افسوسناک واقعات نے متاثرہ خاندانوں کو شدید غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتاری کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔