
لاہور: حکومتِ پنجاب نے تعلیمی میدان میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوبے بھر میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پیکٹا (PEF & PEC کے اشتراک سے بننے والا ادارہ) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی اصلاحات کے متعدد اہم پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ "آٹھویں جماعت کے طلباء کیلئے باقاعدہ بورڈ امتحانات کا انعقاد دوبارہ کیا جائے گا، جبکہ پانچویں سے ساتویں جماعت تک اسسمنٹ ٹیسٹ کے نظام کو اپنایا جائے گا۔”
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے 30 دنوں میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات سے متعلق لائحہ عمل مکمل کیا جائے، جبکہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کیلئے انٹرنل اسسمنٹ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے طریقہ کار بھی تیار کیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات پیکٹا کی نگرانی میں لیے جائیں گے، اور باقی جماعتوں کے لیے ادارہ جاتی سطح پر اسسمنٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات تقریباً پانچ سال قبل ختم کر دیے گئے تھے، تاہم موجودہ حکومت نے معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے اور طلباء کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے دوبارہ اس نظام کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔