
لارڈز میں جو روٹ کا نیا ورلڈ ریکارڈ، ٹیسٹ فیلڈنگ کی تاریخ میں نیا باب رقم
لارڈز — انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور مایہ ناز فیلڈر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بھارت کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن، روٹ نے اپنی فیلڈنگ کے ذریعے ایسا کمال دکھایا جس نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے نان وکٹ کیپر فیلڈر بن گئے ہیں۔
34 سالہ جو روٹ نے بھارتی بیٹر کرون نائر کا ایک شاندار ایک ہاتھ سے کیچ سِلپ میں پکڑا، جو ان کے کیریئر کا 211 واں کیچ ثابت ہوا۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 266 ٹیسٹ اننگز میں انجام دیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے راہول ڈریوڈ کے پاس تھا جنہوں نے 301 اننگز میں 210 کیچز لے رکھے تھے۔
روٹ کی اس کامیابی نے نہ صرف ان کی فیلڈنگ مہارت کو نمایاں کیا بلکہ ان کی شاندار فٹنس اور کرکٹ کے تئیں عزم کو بھی اجاگر کیا۔ کرکٹ ماہرین اور شائقین اس کارکردگی کو روٹ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا ثبوت قرار دے رہے ہیں، جو انہیں دورِ حاضر کے عظیم کرکٹرز میں شامل کرتی ہے۔
یہ اعزاز جو روٹ کی کریئر میں ایک اور سنہرا باب ہے، اور اس سے انگلینڈ ٹیم کے لیے ان کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، خاص طور پر جب بات فیلڈنگ اور مشکل لمحات میں وکٹیں حاصل کرنے کی ہو۔