پاکستانتازہ ترین

ڈیجیٹل میڈیا پاک چین دوستی کی نئی راہداری ہے: عطاء تارڑ

بیجنگ: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پاکستان اور چین کے درمیان نئی راہداری بن چکا ہے جو ثقافت، دوستی اور ترقی کو آپس میں جوڑتا ہے۔

چین میں "ثقافتی وراثت اور جدت” کے موضوع پر بین الاقوامی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی پہاڑوں جیسی مضبوط اور دریاؤں جیسی گہری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ کی عظیم تہذیب کا وارث ہے، جس کا رشتہ قدیم چین سے جڑا ہوا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ صدیوں پرانی شاہراہ ریشم نے آج سی پیک کی صورت اختیار کر لی ہے، جو صرف اقتصادی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیبوں اور دلوں کو جوڑنے کا ایک مظبوط ذریعہ بھی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ایک ایسی قوم ہے جو تہذیبوں کے سنگم پر واقع ہے، اور یہی ہماری اصل طاقت ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو اپنے ثقافتی ورثے کو جدید انداز میں پیش کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوفی شاعری اور روایتی ہنر ہمارے نوجوانوں کی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں میں زندہ ہیں، اور یہی مستقبل کی سمت طے کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان نشریاتی تعاون کو وسعت دی گئی ہے، اور اب دونوں ممالک مشترکہ ڈاکومنٹریز اور فلم سازی جیسے شعبوں میں بھی آگے بڑھ رہے ہیں۔

عطاء تارڑ نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستان اپنے قومی ورثے کو ڈیجیٹائز کر رہا ہے تاکہ دنیا بھر میں اس کی رسائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیجیٹل روابط کے ذریعے امن، ترقی اور دوستی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

اختتام پر انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے مستقبل کے خواہاں ہیں جہاں قدرتی وسائل، خاص طور پر پانی، کو جنگ کا ذریعہ نہیں بلکہ امن کا پیغام بنانے کی ضرورت ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button