
پاکستان ہاکی ٹیم کو دھمکیاں، ہاکی اولمپئنز نے ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر کرانے کا مطالبہ کر دیا
لاہور: کرکٹ کے بعد اب پاکستان ہاکی ٹیم کو بھی بھارت میں جاری نفرت انگیز سوشل میڈیا مہم کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس پر پاکستان کے ہاکی اولمپئنز نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایشیا کپ کو کسی غیر جانبدار اور محفوظ مقام پر کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا اور انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاکستان ہاکی ٹیم کے خلاف نفرت انگیز مواد اور دھمکی آمیز پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور کھیل کے جذبات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں اگلے ماہ ہونے والے ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کی اجازت دی گئی ہے، تاہم بھارتی سیاسی اور سوشل حلقوں میں اس فیصلے پر سخت تنقید اور مخالفت سامنے آئی ہے، جس کی وجہ سے کھیل کے ماحول پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پاکستان کے ہاکی اولمپئنز نے زور دیا ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور اگر بھارتی حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے سے قاصر ہے تو ایشیا کپ کو کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کیا جائے، جس کا طریقہ کار پہلے کرکٹ کے معاملات میں بھی کامیابی سے اپنایا گیا تھا۔
ایشیا کپ ہاکی کا ٹورنامنٹ 27 اگست سے بھارتی ریاست بہار کے شہر راجگیر میں شروع ہونے جا رہا ہے، تاہم موجودہ کشیدہ حالات میں اس ایونٹ کے پرامن اور محفوظ انعقاد پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ مطالبہ نہ صرف جائز ہے بلکہ خطے میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سلامتی کے لیے بین الاقوامی کھیل اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ کھیل کا اصل جذبہ برقرار رہے۔