اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

ایران اسرائیل جھڑپیں جاری، ٹرمپ کی تہران خالی کرنے کی وارننگ

گزشہ روز ایران کی جانب سے ایک اور ایف 35 کو تباہ کرنے کے دعویٰ کے بعد مجموعی تعداد 4 ہو چکی ہے۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان مسلسل پانچویں روز بھی حملوں کا تبادلہ جاری ہے، جس میں دونوں جانب درجنوں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ تہران اور تل ابیب میں فضائی حملے، دھماکوں اور سائرن کی آوازیں گونجتی رہیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے وار ٹائم چیف آف اسٹاف کو نشانہ بنایا جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا میزائل حملہ تیار کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی افواج نے تہران کے مشرقی، جنوبی اور خوزستان کے علاقوں کو نشانہ بنایا، جہاں ایرانی ایئر ڈیفنس بھی متحرک رہا۔

ایران کے مطابق یہ حملے مکمل طور پر دفاع میں کیے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر عامر سعید ایروانی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کا ساتھ دینے والے باقی ملکوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس، ہتھیار اور سیاسی مدد کے بغیر اسرائیلی حملے ممکن نہ تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر تہران کے شہریوں کو فوری انخلا کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر دستخط نہ کرکے بڑی غلطی کی ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نائینی گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ آپریشن وعدہ صادق تھری کی نویں لہر کا آغاز ہو چکا ہے، جو طلوعِ فجر تک جاری رہے گی۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ایران میں 224 افراد جان سے جا چکے ہیں، جن میں 70 خواتین و بچے شامل ہیں، جبکہ ایرانی حملوں میں اسرائیل میں 24 افراد جان سے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے عندیہ دیا ہے کہ تہران میں جوہری اور میزائل اہداف کو ختم کیا جائے گا۔ ایرانی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ اصل کارروائیاں اب شروع ہو رہی ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button