
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایونٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا کے پانچ شہروں میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گی، اور اگر وہ سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچتی ہے تو وہ میچز بھی کولمبو میں ہی ہوں گے۔ پاک بھارت میچ 5 اکتوبر کو کولمبو میں ہوگا۔ پاکستان کا پہلا میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش سے ہے، اس کے بعد 8 اکتوبر کو آسٹریلیا، 15 کو انگلینڈ، 21 کو جنوبی افریقہ اور 24 کو سری لنکا سے مقابلے ہوں گے۔
یہ 50 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ راؤنڈ روبن فارمیٹ میں ہوگا، جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے کھیلیں گی، اور سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایک سیمی فائنل بینگلورو اور دوسرا کولمبو یا گوہاٹی میں کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 2 نومبر کو بینگلورو یا کولمبو میں متوقع ہے۔
ٹورنامنٹ سے قبل تمام ٹیمیں 24 ستمبر سے دو دو وارم اپ میچز کھیلیں گی۔ بھارت 24 ستمبر کو انگلینڈ سے اور 27 ستمبر کو جنوبی افریقہ سے مدِ مقابل ہوگا۔
دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے 2022 میں انگلینڈ کو شکست دے کر ساتواں ٹائٹل جیتا تھا اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں سرفہرست رہ کر کوالیفائی کیا۔
بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے بھی چیمپئن شپ سے جگہ بنائی، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش نے اپریل میں کوالیفائر جیت کر ورلڈ کپ میں شرکت یقینی بنائی۔