
مالی سال 2024-25 کے پہلے 11 ماہ (جولائی تا مئی) میں پاکستان کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 34.9 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 27.1 ارب ڈالر تھیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق یہ سالانہ بنیاد پر 28.8 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال کے عوام دوست بجٹ سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
مئی 2025 کے دوران 3.7 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ مئی کے مقابلے میں 13.7 فیصد اور اپریل کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہیں۔
سعودی عرب سے سب سے زیادہ 91 کروڑ 39 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جو اپریل کے مقابلے میں 26 فیصد اضافہ ہے۔
متحدہ عرب امارات سے 75 کروڑ 42 لاکھ، برطانیہ سے 58 کروڑ 81 لاکھ، اور امریکا سے 31 کروڑ 47 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔ دیگر جی سی سی ممالک سے 36 کروڑ 16 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔