اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

پاکستان ہائی کمیشن کی لندن ٹیک سمٹ کی شاندار میزبانی

لندن ٹیک ویک 2025 کے دوران ہوئی اس تقریب نے پاکستان کا ٹیکنالوجی کے حوالے سے مثبت کردار اجاگر کیا۔

لندن ٹیک ویک 2025 کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن نے ایک اعلیٰ سطحی تقریب کی میزبانی کی، جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں بڑھتی ہوئی صلاحیت اور عالمی ٹیک منظرنامے میں اس کے فعال کردار کو اجاگر کیا گیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ اس تقریب میں برطانوی تجارتی ایلچی برائے پاکستان محمد یاسین ایم پی مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ سرکاری حکام، بین الاقوامی سرمایہ کار، اور پاکستانی ٹیک سیکٹر کے ممتاز نمائندے شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا یہ مؤثر تعارف عالمی سطح پر اس کے وژن، نوجوانوں کی صلاحیت، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں شراکت کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے اس کامیابی کو حکومتی اداروں، انڈسٹری، اور اوورسیز پاکستانیوں کی مشترکہ کاوش قرار دیا۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں تعینات اکنامک منسٹر ڈاکٹر ثمینہ زہرہ نے استقبالیہ خطاب میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی تیزی سے ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان، کاروباری افراد، ماہرین اور پالیسی ساز جدید، جامع اور بین الاقوامی نقطہ نظر کے ساتھ ملکی ترقی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ ٹیک شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے کلیدی مقرر، برطانوی حکومت کے تجارتی ایلچی برائے پاکستان محمد یاسین ایم پی نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ابھرتے ہوئے کردار کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، اور برطانیہ پاکستان کو عالمی ٹیک ویلیو چین میں شامل کرنے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے حکومتی نمائندوں، اوورسیز پاکستانیوں، سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی شمولیت کو حوصلہ افزا قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ یہ روابط دوطرفہ شراکت کو تقویت دیں گے۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سجاد سید اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے سی ای او ابوبکر نے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں ہونے والی پیش رفت اور عالمی سطح پر اس کی ٹیک برآمدات کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر دو اہم پینل مباحثے منعقد ہوئے، جن میں پاکستان کی ڈیجیٹل ڈپلومیسی، خواتین کی شراکت، اور عالمی امیج پر گفتگو کی گئی۔

تھنک ٹیک تھنک پاکستان مہم کے تحت لندن کی سڑکوں، بلیک کیبز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پاکستان کی ٹیک شناخت کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔

تقریب میں طلباء، ٹیک انٹرپرینیورز اور پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل شناخت اور عالمی سطح پر فعال شراکت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دی گئی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button