
پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے حملے کو غیرقانونی، بلاجواز اور خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سنگین، غیرذمہ دارانہ اور تشویشناک اقدام ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ ایران پر اسرائیل کے بلااشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام سے دلی ہمدردی اور افسوس ہے۔ یہ عمل پہلے ہی غیر مستحکم خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات کریں تاکہ کشیدگی مزید نہ بڑھے، کیونکہ یہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
پاکستان، ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان اشتعال انگیز کارروائیوں کی غیر مبہم انداز میں مذمت کرتا ہے، جن کے سنگین اثرات پورے خطے اور عالمی امن پر پڑ سکتے ہیں۔
پاکستان نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس جارحیت کو فوری طور پر روکیں اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔