
گوگل فوٹوز کی 10ویں سالگرہ پر نئے آے آئی فیچرز کا اضافہ
آٹو فریم، جنریٹو اے آئی اور کیو آر کوڈ شیئرنگ جیسے فیچرز جلد صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
گوگل نے فوٹوز ایپ کی 10ویں سالگرہ پر ایک مکمل طور پر نیا فوٹو ایڈیٹر متعارف کرایا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ یہ فیچرز اب صرف پکسل ڈیوائسز تک محدود نہیں، بلکہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
نئے ایڈیٹر میں نمایاں ترین فیچر جنریٹیو اے آئیہے، جو صارفین کو صرف ٹیکسٹ لکھ کر تصویر کے مناظر تبدیل کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ مثال کے طور پر، تصویر میں اگر آسمان ابر آلود ہو، تو صارف صرف صاف نیلا آسمان لکھ کر منظر بدل سکتا ہے۔
دوسرا اہم فیچر آٹو فریم ہے، جو تصویر کی کمپوزیشن بہتر بنانے کے لیے تجاویز دیتا ہے، جیسے کراپنگ، فریم میں وسعت یا خالی جگہیں اے آئی کی مدد سے بھرنا شامل ہے۔
گوگل نے اینہانس اے آئی نامی ایک اور فیچر بھی شامل کیا ہے جو روشنی ایڈجسٹ کرنے، غیر ضروری اشیاء ہٹانے اور تصویر میں دیگر بہتری کی تجاویز دیتا ہے۔
صارفین اب تصویر کے مخصوص حصے پر ٹیپ کر کے اس کے مطابق ایڈیٹنگ ٹولز کی تجاویز بھی حاصل کر سکتے ہیں، مثلاً پس منظر کو دھندلا کرنا یا چہرے کی روشنی بڑھانا۔
گوگل نے ایک نیا کیو آر کوڈ شیئرنگ فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین البمز کو دوسروں کے ساتھ فوری طور پر شیئر کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر شادیوں یا تقریبات میں تصاویر کے تبادلے کو آسان بنائے گی۔
یہ تمام فیچرز اگلے ماہ سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جاری کیے جائیں گے، جبکہ آئی او ایس صارفین کو یہ سہولت سال کے آخر تک میسر آئے گی۔