
واٹس ایپ کا نیا فیچر: موبائل نمبر کی جگہ یوزر نیم استعمال ہوگا
یہ فیچر صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بنانے کے علاوہ ناپسندیدہ رابطوں کے امکانات کو بھی کم کرے گا۔
واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت فون نمبر ظاہر کیے بغیر صارفین ایک منفرد یوزر نیم کے ذریعے دوسروں سے رابطہ کرسکیں گے۔
یہ فیچر فی الحال ویب کے لیے تیار کیا جا رہا ہے تاہم اسے مستقبل میں موبائل ایپس میں بھی پیش کیا جانا متوقع ہے۔
نیا فیچر صارفین کو اپنے پروفائل پیج پر ہی یوزر نیم چیک کرنے اور دستیابی کی تصدیق کا آپشن دے گا۔ اگر منتخب یوزر نیم دستیاب ہوا تو سبز نشان ظاہر ہوگا، اور اگر پہلے سے لیا جاچکا ہو تو سرخ وارننگ دکھائی دے گی۔ یوزر نیم ایک منفرد شناخت ہوگی جو حروف و اعداد پر مشتمل ہوگی۔
اس فیچر کا مقصد فون نمبر کی جگہ یوزر نیم کو بنیادی شناخت بنانا ہے تاکہ صارفین اجنبی افراد یا اداروں سے بات چیت کے دوران اپنا نمبر شیئر کیے بغیر بات کر سکیں۔ یہ نہ صرف رازداری کو بہتر بنائے گا بلکہ سپیم یا ناپسندیدہ رابطوں کے امکانات کو بھی کم کرے گا۔
تاہم، جو لوگ پہلے ہی آپ کا نمبر محفوظ کر چکے ہوں گے، وہ حسبِ سابق آپ سے رابطہ کرسکیں گے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یوزر نیم کے ذریعے چیٹ شروع کرنے کے باوجود فون نمبر صرف اسی وقت ظاہر ہوگا جب صارف خود اجازت دے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ پر پرائیویسی کنٹرول کو ایک نیا رخ دے گا، جہاں ہر صارف اپنی شناخت اور رابطوں پر مکمل اختیار رکھ سکے گا۔ واٹس ایپ اس فیچر پر مزید جانچ کر رہا ہے اور جلد ہی اسے بیٹا صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔