پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

دورہِ آذربائیجان: وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں، باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف آج پاکستان-ترکیہ-آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے آذربائیجان کے دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور علاقائی استحکام کے لیے قریبی اشتراک پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم کا یہ دورہ ان کے جاری چار ملکی سفر کا تیسرا مرحلہ ہے، جس کا مقصد خطے میں سفارتی، دفاعی اور معاشی روابط کو فروغ دینا ہے۔ اس سے قبل وہ ترکیہ اور ایران کے سرکاری دورے مکمل کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر حمایت کا شکریہ ادا کیا تھا۔

لاچین شہر میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے آذربائیجان کی جانب سے بھارت-پاکستان کشیدگی میں پاکستان کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام اور قیادت کی یکجہتی دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

صدر علیوف کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر قریبی رشتے رکھتے ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

دونوں ممالک نے سرمایہ کاری کی راہ میں پیشرفت کے لیے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے پر بھی رضامندی ظاہر کی، اور کہا کہ جلد ہی وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے تاکہ منصوبہ بندی آگے بڑھائی جا سکے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم نے آج آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علیوف اور آذربائیجانی عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔

بعد ازاں وزیراعظم، صدر رجب طیب اردوان اور صدر علیوف کے ہمراہ پاکستان-ترکیہ-آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

یہ دورہ مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان روانہ ہوں گے، جہاں وہ گلیشیئرز کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button