تازہ ترینسائنس ٹیکنالوجی
ٹرنڈنگ

دنیا بھر میں کروڑوں صارفین کا ڈیٹا چوری، نیشنل سرٹ کی ایڈوائزری جاری

دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس کی حساس معلومات چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد ڈیجیٹل صارفین کے اکاؤنٹس کے پاس ورڈ اور حساس معلومات چوری ہونے کے بعد پاکستان کی نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے ایک سخت ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس سنگین ڈیٹا لیک میں نہ صرف گوگل، فیس بک، ایپل، انسٹاگرام اور سنیپ چیٹ جیسے عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز متاثر ہوئے ہیں، بلکہ پاکستان کے حکومتی پورٹلز اور سرکاری اداروں کی معلومات بھی چرائی گئی ہیں۔ نیشنل سرٹ کے مطابق، انفوسٹیلر میلویئر کے ذریعے یہ معلومات چرا کر غیر محفوظ ڈیٹا بیسز میں رکھی گئی ہیں، جنہیں سائبر حملوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس لیک سے شناخت کی چوری، مالیاتی اکاؤنٹس کی ہیکنگ اور رینسم ویئر جیسے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ تمام پاکستانی صارفین فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاس ورڈ تبدیل کریں، اور دو مرحلہ جاتی توثیق ٹو اسٹیپ ویری فکیشن کو فعال کریں۔

نیشنل سرٹ نے واضح کیا ہے کہ حساس معلومات کو ای میل یا غیر محفوظ فائلز میں محفوظ رکھنا خطرناک عمل ہے۔

صارفین کو معتبر پاس ورڈ مینیجرز کے استعمال، اینٹی وائرس اور سیکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھنے، اور لاگ اِن کی غیر معمولی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button