پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

خضدار حملہ قومی سانحہ ہے، دشمن بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم اور آرمی چیف نے زخمیوں کی عیادت کے دوران اس سانحے پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خضدار میں سکول وین پر دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، قیادت کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو حملے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق، حملے میں تین بچے اور دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے، جبکہ 53 افراد زخمی ہوئے جن میں 39 بچے شامل ہیں۔ آٹھ زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

وزیراعظم نے واقعے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا نہ صرف بزدلی بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور انڈیا کو ریاستی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کا ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بچوں پر حملے جیسے انسانیت سوز جرائم کا نوٹس لے اور انڈیا کے کردار پر سنجیدگی سے غور کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے حملے کو اخلاقی اور انسانی اقدار کے خلاف بغاوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہ، جو نسلی شناخت کی آڑ میں کارروائیاں کر رہے ہیں، دراصل انڈیا کے ریاستی عزائم کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور بلوچ و پشتون اقدار کی توہین کر رہے ہیں۔

ادھر، قومی اسمبلی کی پارلیمانی کاکس برائے چلڈرن رائٹس نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کاکس کی کنوینر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے کہا کہ سکول کے بچوں پر حملہ ایک بزدلانہ اور سفاکانہ فعل ہے جو ملک کے مستقبل پر حملے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ان کے مرتکبین کے لیے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جائے گا جہاں ہر بچہ امن، تحفظ اور تعلیم کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی خضدار حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 74ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران انہوں نے اس حملے کو بزدلانہ اور سفاکانہ قرار دیا اور متاثرین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی کی اپیل کی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button