
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے لیے خشک سالی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں نمایاں کمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے صورتحال بگڑ سکتی ہے۔
محکمے کے مطابق یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک ملک میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ سندھ میں سب سے زیادہ 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، بلوچستان میں 52 فیصد، پنجاب میں 38 فیصد، خیبرپختونخوا میں 35 فیصد اور آزاد جموں و کشمیر میں 29 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کی کمی کی وجہ سے تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی شدید قلت ہے۔
محکمۂ موسمیات نے تازہ الرٹ می میں کہا ہے کہ مارچ 2025 میں ملک کے زیریں حصوں میں درجہ حرارت معمول سے دو سے تین ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ غیر معمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔