
برطانوی پارلیمنٹ کے 20 اراکین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہر میر پور میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ قائم کیا جائے۔ یہ مطالبہ ایک خط کے ذریعے کیا گیا، جس پر برطانوی پارلیمنٹ کے 100 سے زائد ممبران کی حمایت حاصل ہے۔
یہ معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں بدھ کو ایک خصوصی اجلاس کے دوران زیر بحث آیا، جس کی صدارت برطانوی حکومت کے ٹریڈ اینوائے برائے پاکستان، ایم پی محمد یاسین نے کی۔ اجلاس میں متعدد اہم برطانوی اراکین پارلیمنٹ، بشمول تن من جیت سنگھ، لارڈ قربان حسین، یاسمین قریشی، محمد ایوب، اینڈریو پیکس اور سابق ممبر پارلیمنٹ خالد محمود شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد یاسین نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے 20 اراکین نے حکومتِ پاکستان کو باضابطہ طور پر خط لکھ کر میر پور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میر پور کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ ہے اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
محمد یاسین نے بتایا کہ انہوں نے یہ خط برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کے حوالے کر دیا ہے اور جلد اپنے دورہ پاکستان کے دوران یہ مطالبہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار تک بھی پہنچائیں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ برطانوی حکومت نے محمد یاسین کو ٹریڈ اینوائے برائے پاکستان مقرر کیا ہے، اور ان کا متوقع دورہ پاکستان پاک-برطانیہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔