
امریکہ کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے انجینیئرز نے دل کے مریضوں کے لیے نیا چھوٹا پیس میکر بنایا ہے جو چاول کے دانے سے بھی چھوٹا ہے اور اسے بغیر سرجری کے، سرنج کے ذریعے انسانی جسم میں ڈالا جا سکتا ہے۔
پیس میکر، ایک ایسا آلہ ہے جسے دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھنے کے لیے مریض کے سینے میں نصب کر دیا جاتا ہے۔
روایتی پیس میکر سرجری کے ذریعے نصب کیا جاتا ہے جو کام کرنے کے لیے بیٹری کے ہمراہ ہوتا ہے جبکہ نئے پیس میکر کو الگ سے بیٹری کی ضرورت نہیں پڑتی اور یہ جسمانی رطوبتوں سے توانائی حاصل کر کے چلتا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ ضرورت ختم ہونے پر یہ پیس میکر جسم میں ہی حل ہو جاتا ہے یعنی یہ محدود مدت کے لیے نصب کیا جا سکے گا۔
اگرچہ نیا پیس میکر ہر عمر کے دل کے مریضوں کے لیے استعمال کیا جا سکے گا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچوں کے دل کے سائز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے چھوٹا اور آسانی سے استعمال ہونے والا پیس میکر تیار کیا ہے۔