
بلو سکائی نے لائیو سپورٹس فیچر متعارف کروا دیا
یہ فیچر صارفین کو لائیو سپورٹس ایونٹس کی فوری شناخت اور براہ راست سٹریمنگ پلیٹ فارمز تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلوسکائی نے کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کے لیے ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو براہِ راست لائیو سپورٹس میچز کے بارے میں بروقت معلومات حاصل ہوں گی۔
اس فیچر کے تحت جب کوئی اکاؤنٹ یوٹیوب، ٹوئچ یا دیگر پلیٹ فارمز پر لائیو سٹریمنگ سے جڑا ہوگا، تو اس اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر کے گرد سرخ بارڈر اور لائیو کا لیبل ظاہر ہوگا۔ صارفین اس تصویر پر کلک کرکے براہِ راست سٹریمنگ پلیٹ فارم پر منتقل ہو سکیں گے۔
بلوسکائی کی چیف آپریٹنگ آفیسر روز وانگ نے اس حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم بلوسکائی کو ایسا پلیٹ فارم بنانا چاہتے ہیں جہاں صارفین آسانی سے لائیو ایونٹس دریافت کر سکیں۔ ہمارا مقصد صارفین کو روکنا نہیں، بلکہ انہیں جوڑنا ہے۔
روز وانگ کے مطابق، یہ فیچر ابتدائی طور پر این بی اے اور ڈبلیو این بی اے کے آفیشل کے آفیشل اکاؤنٹس پر تجرباتی بنیادوں پر متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید سپورٹس اکاؤنٹس کو بھی اس فیچر میں شامل کیا جائے گا۔
بلوسکائی اس وقت براہ راست سٹریمنگ کی سہولت فراہم نہیں کرتا بلکہ صارفین کو بیرونی پلیٹ فارمز کی طرف ری ڈائریکٹ کرتا ہے۔ روز وانگ نے واضح کیا کہ وہ دیگر پلیٹ فارمز کی طرح مہنگے معاہدے کرنے کے بجائے، ایک آزادانہ ماڈل پر کام کر رہے ہیں جہاں صارف کو مکمل اختیار حاصل ہو۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیچر بلوسکائی کے لیے ایک مثبت قدم ہے، جس سے وہ لائیو ایونٹس کے حوالے سے ایک مرکزی سوشل میڈیا پلیٹ فارم بن سکتا ہے، بالخصوص ان صارفین کے لیے جو فوری ردِعمل اور لائیو تبصروں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
بلوسکائی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ فیچر مستقبل میں صحافیوں، سٹریمرز اور دیگر افراد کے لیے بھی دستیاب ہوگا جو براہِ راست مناظر اور خبریں شیئر کرتے ہیں۔