
خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں بڑھانے کے لیے آئی جی کا وفاق کو خط
آئی جی کے پی نے لکھا ہے کہ خیبرپختونخوا کو ’ہارڈ ایریا‘ قرار دے کر پولیس کو مراعاتی پیکج دیا جائے۔
خیبر پختونخوا (کے پی) پولیس کے سربراہ ذوالفقار حمید نے وفاق میں وزارت داخلہ کو خط لکھ کر صوبائی پولیس کے لیے مراعاتی پیکج کی استدعا کی ہے۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کو بھیجے گئے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو بھی بلوچستان کی طرح پولیس کے لیے ’ہارڈ ایریا‘ قرار دیا جائے اور اس ضمن میں پولیس کے ملازمین کو ’خصوصی الاؤنس‘ دیا جائے۔
ذوالفقار حمید نے اپنے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ ’کے پی اور بلوچستان اندرونی اور سرحد پار دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں پولیسنگ اتنی ہی مشکل اور چیلنجنگ ہے جتنی بلوچستان میں ہے۔ بلوچستان میں پولیس افسران کو خصوصی مراعاتی پیکج دیا جا رہا ہے۔‘
آئی جی ذوالفقار حمید نے فروری میں چارج سنبھالا تھا اور تب سے وہ، کے پی میں دیگر صوبوں کی نسبت پولیس کی کم تنخواہوں کا معاملہ اٹھا رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ انہوں نے صوبائی محکمۂ داخلہ کو اسی معاملے پر خط لکھا تھا۔