
برطانیہ کے علاقے سرے میں پولیس نے ایک ماں کو سات گھنٹوں تک چوری کے شبے میں تحویل میں رکھا جس نے اپنی بیٹیوں کے آئی پیڈز ان سے ضبط کر رکھے تھے تاکہ وہ سکول کے کام کی طرف توجہ دے سکیں۔
تاریخ کی ٹیچر، 50 سالہ ونیسا براؤن نے ایل بی سی ریڈیو کو اپنی تکلیف دہ داستان سنائی جس کے بعد، پولیس سے معافی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ونیسا براؤن کے مطابق، مارچ کے آخری ہفتے میں وہ اپنی بیٹیوں کو پڑھائی کے لیے گھر چھوڑ کر اپنی والدہ کے ہاں گئیں اور بیٹیوں کے آئی پیڈز بھی ساتھ لے گئیں۔ ان کے بقول، پولیس کو آئی پیڈز کی چوری کی شکایت ملی تو تعاقب کرتے ہوئے، پولیس بھی ان کی والدہ کے ہاں پہنچ گئی۔
پولیس ونیسا کو گرفتار کر کے تھانے لے گئی جہاں تفتیش کر کے ان کی بے قصوری کا تعین کرنے میں سات گھنٹے لگ گئے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے، اسے جونیئر افسروں کی ضرورت سے زیادہ ہوشیاری قرار دیا ہے۔