
ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ کی مرمت کا نیا مرحلہ شروع
1,500 سال قدیم عمارت کو زلزلے کے ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں
ترکی نے استنبول میں واقع تاریخی آیا صوفیہ کی بحالی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد تقریباً 1,500 سال قدیم اس عمارت کے گنبدوں کو ممکنہ زلزلوں کے خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مسجد میں عبادات کا سلسلہ بحالی کے دوران بھی جاری رہے گا۔ منصوبے میں جدید اور ہلکے وزن والے مواد سے گنبدوں کو مضبوط بنایا جائے گا۔
اس سے قبل مسجد کے چاروں میناروں اور مرکزی حصے پر مرمت مکمل کی جا چکی ہے۔
537 عیسوی میں بازنطینی بادشاہ جسٹینین کے حکم پر تعمیر کی گئی آیا صوفیہ کو 1453 میں سلطنت عثمانیہ نے مسجد میں تبدیل کیا۔ 1934 میں اتاترک کے حکم پر یہ میوزیم بنی، جسے 2020 میں ترکی کی اعلیٰ انتظامی عدالت کے فیصلے کے بعد دوبارہ مسجد کا درجہ دے دیا گیا۔
2023 میں ترکی کے جنوبی علاقوں میں شدید زلزلے نے ہزاروں عمارتیں تباہ کر دیں اور 53,000 سے زائد جانیں لے لیں۔
اگرچہ استنبول براہِ راست متاثر نہیں ہوا، لیکن فالٹ لائنز کے قریب ہونے کے باعث شہر میں بڑے زلزلے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث آیا صوفیہ جیسے تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے اقدامات پر مجبور کیا۔
زائرین اور مقامی افراد نے بحالی کے اس منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات آیا صوفیہ کے تحفظ اور مستقبل میں زلزلہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں