
جیمینائی، بائنانس صارفین کا ڈیٹا ڈارک ویب پر لیک
ڈیڑھ لاکھ سے زائد صارفین کی ذاتی معلومات آن لائن دستیاب؛ صارفین کی پرائیویسی خطرے میں
ڈارک ویب پر جیمینائی اور بائنانس کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد صارفین کا ذاتی ڈیٹا فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے انکشاف نے پرائیویسی اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ڈارک ویب انفارمر کی رپورٹ کے مطابق "AKM69” نامی ہیکر نے جیمینائی کے تقریباً ایک لاکھ صارفین کا ڈیٹا بشمول مکمل نام، ای میل، فون نمبر اور مقام آن لائن پیش کیا ہے، جن میں زیادہ تر افراد امریکہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
ایک اور ہیکر "kiki88888” نے بائنانس کے 1 لاکھ 32 ہزار سے زائد صارفین کا ڈیٹا، جس میں ای میلز اور پاس ورڈز شامل ہیں، فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔
بائنانس نے وضاحت کی ہے کہ ان کے سسٹمز میں کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، اور ہیکرز نے متاثرہ کمپیوٹرز سے براؤزر سیشنز ہیک کر کے یہ معلومات حاصل کیں۔ ڈارک ویب انفارمر نے بھی تصدیق کی کہ ڈیٹا براہِ راست ایکسچینج سسٹمز سے حاصل نہیں کیا گیا۔
گزشتہ سال ستمبر میں بھی بائنانس کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا دعویٰ سامنے آیا تھا، جسے کمپنی نے مسترد کر دیا تھا۔
رواں ماہ متعدد سکیمز میں صارفین کو جعلی والٹس یا فشنگ لنکس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین نے صارفین کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔