
دبئی نے گیمنگ پیشہ ور افراد کے لیے 10 سالہ گولڈن ویزا متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد شہر کی بڑھتی ہوئی ای اسپورٹس صنعت میں مزید پیشہ ور افراد کو شامل کرنا ہے۔ یہ ویزا دبئی کی ثقافت و فنون کی کیٹیگری کے تحت جاری کیا جاتا ہے، اور اس کا مقصد دبئی کو عالمی سطح پر گیمنگ کا مرکز بنانے کی حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ویزا ہولڈرز کو دبئی میں رہائش، کام اور کاروبار کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوتی ہے، ساتھ ہی انہیں دبئی کی جدید ترین گیمنگ سہولتوں اور ٹیکنالوجیز تک رسائی ملتی ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ دبئی کا ٹیکس فری ماحول گیمنگ پیشہ ور افراد کو مالی فوائد فراہم کرتا ہے۔
اس ویزا کے لیے درخواست دینے والے افراد کو دبئی کلچر سے "اکریڈٹیشن سرٹیفکیٹ” حاصل کرنا ضروری ہے، جس کے بعد وہ گولڈن ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
درخواست دہندگان کو پانچ سال کا گیمنگ انڈسٹری کا تجربہ اور دیگر متعلقہ دستاویزات فراہم کرنی ہوں گی۔
دبئی کی حکومت کے مطابق، "ڈبئی پروگرام فار گیمنگ 2033” کے تحت دبئی کو 2033 تک عالمی گیمنگ ہب میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے 30,000 نئی ملازمتیں تخلیق کرنے اور دبئی کی معیشت میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔
یہ ویزا گیمنگ انڈسٹری میں کیریئر بنانے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک سنہری موقع پیش کرتا ہے، جو دبئی میں اپنے پروفیشنل کیریئر کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔