
جاپان سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ نوجوان گردن کی ایک غیر معمولی اور تکلیف دہ حالت کا شکار ہوا جب اس نے مسلسل کئی گھنٹے موبائل فون کو جھک کر استعمال کیے۔ یہ طبی مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب اس کی گردن میں نوکیلا ابھار نمودار ہوا اور وہ سر اٹھانے کے قابل نہ رہا۔
طبی جریدے جے او ایس کیس رپورٹ میں شائع ہونے والی ایک نایاب تحقیق میں بتایا گیا کہ مذکورہ نوجوان روزانہ طویل دورانیے تک اپنے فون پر جھک کر گیمز کھیلتا رہا، جس سے اس کی گردن کے پچھلے حصے میں ابھار بن گیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ گردن کے پٹھے کمزور ہو گئے اور وہ اپنا سر سیدھا رکھنے میں ناکام ہو گیا۔
اس کیفیت سے قبل اسے گردن میں شدید درد محسوس ہوا، کھانے میں دشواری پیش آئی، اور وزن میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ حالت ان افراد میں پیدا ہو سکتی ہے جو روزمرہ معمولات میں موبائل فون یا دیگر سکرینز پر مسلسل جھکے رہتے ہیں۔ گردن کے عضلات پر مسلسل دباؤ سے نہ صرف تکلیف بڑھتی ہے بلکہ سر کو سہارا دینے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔
ماہرین نے اس مسئلے کو جدید طرزِ زندگی کے منفی اثرات کی ایک مثال قرار دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ سمارٹ فون کے استعمال کے دوران مناسب وقفے لیے جائیں، گردن کو سیدھا رکھنے کی مشقیں کی جائیں اور درست نشست کو اپنایا جائے تاکہ ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔