
روبوٹ نے پلک جھپکنے سے پہلے روبک کیوب حل کر دیا
یہ رفتار انسانی آنکھ کے جھپکنے سے بھی زیادہ تیز ہے۔
امریکہ کی پرڈیو یونیورسٹی کے انجینئرنگ کے طلبہ نے ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جس نے محض 0.103 سیکنڈ میں روبک کیوب حل کر کے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ رفتار انسانی آنکھ کی جھپک سے بھی تیز ہے، جو عمومی طور پر 200 سے 300 ملی سیکنڈ میں مکمل ہوتی ہے۔
اس روبوٹ کا نام پرڈیوبک کا کیوب رکھا گیا ہے، جو یونیورسٹی کے الیکٹریکل اور کمپیوٹر انجینئرنگ کے طلبہ جونپی اوتا، ایڈن ہرڈ، میتھیو پیٹرو اور الیکس برٹا نے مشترکہ طور پر تیار کیا۔
یہ خودکار نظام جاپانی کمپنی میتسوبشی الیکٹرک کے قائم کردہ 0.305 سیکنڈ کے سابقہ ریکارڈ کو تقریباً تین گنا تیزی سے توڑنے میں کامیاب رہا۔
روبوٹ میں نصب جدید موٹرز اور انتہائی حساس سینسرز نے اسے یہ کارکردگی دکھانے کے قابل بنایا۔ یہ نظام کیوب کے تمام پہلوؤں کو بیک وقت اسکین کرتا ہے اور فوری حل نکالتا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ٹیم ورک، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کا نتیجہ ہے، جو روبوٹکس کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔