
انڈیا میں پاکستانی پرچم کی آن لائن فروخت پر حکومت برہم
انڈین حکومت نے ای کامرس پلیٹ فارمز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایسی مصنوعات کی فروخت بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
انڈین حکومت نے پاکستانی پرچم اور اس سے متعلقہ اشیاء کی آن لائن فروخت پر سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ایمازون، فلپ کارٹ، یوبائے انڈیا، ایٹسے اور دی فلیگ کارپوریشن سمیت کئی بڑے ای کامرس پلیٹ فارمز کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ یہ کارروائی حالیہ پاکستان انڈیا کشیدگی کے تناظر میں کی گئی ہے۔
انڈیا کے مرکزی وزیر نے اپنی ایکس پوسٹ میں بتایا کہ ایسی بے حسی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور تمام پلیٹ فارمز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستانی پرچم اور متعلقہ اشیاء کی فروخت بند کریں اور تصاویر و ویڈیوز ہٹا دیں۔
تفصیلات کے مطابق انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد انڈیا پاکستانی پرچم وغیرہ کی آن لائن فروخت جاری تھی جس پر حکومت کو تجارتی یونینز کی جانب سے توجہ دلائی گئی۔
تجارتی تنظیموں کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستانی حب الوطنی بیدار کرنے والی ان چیزوں کی فروخت انڈیا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، لہذا ان کی آن لائن فروخت پر پابندی لگائی جائے۔
حکومت نے ان شکایات کے پیش نظر ای کامرس پلیٹ فارم کو حکم دیا ہے کہ پاکستانی پرچم اور اس سے متعلق مصنوعات کی فروخت بند کی جائے۔
واضح رہے کہ انڈیا اس سے قبل ثقافتی میدان میں بھی پاکستانی فن کاروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہا ہے جس میں ان کی تصاویر کو فلمز اور گانوں کے تھمب نیلز سے ہٹانا شامل ہے۔