پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

پنجاب میں ملک کی پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس قائم

محکمہ ماحولیات کے تحت کام کرنے والی یہ فورس ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔

پنجاب حکومت نے حال ہی میں ملک کی پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں ماحولیاتی جرائم کی نگرانی اور روک تھام ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ فورس مختلف ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے اور اس میں متعدد خصوصی اسکواڈز شامل ہیں جو مختلف نوعیت کی ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کارروائی کریں گے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق، الیکٹرک بائیک اسکواڈ شہری علاقوں میں فوری رسپانس کے لیے کام کرے گا، گرین اسکواڈ پلاسٹک کے استعمال کے خلاف مہم، گرد و غبار پر قابو اور ڈینگی کنٹرول پر مامور ہوگا، جبکہ بلیو اسکواڈ آبی ذخائر کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالے گا۔ بلیک اسکواڈ گاڑیوں کے اخراج اور زہریلی گیسوں کی نگرانی کرے گا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ صنعتی علاقوں اور طبی مراکز میں ریڈ اسکواڈ کو خطرناک فضلے کی نگرانی کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ ہاک آئی اسکواڈ، جو 360 ڈگری نگرانی والی گاڑیوں اور تھرمل ڈرونز سے لیس ہے، دن رات خلاف ورزیوں کی نگرانی کرے گا۔

برک کلن اسکواڈ بھٹوں سے خارج ہونے والے دھوئیں پر نظر رکھے گا، جبکہ اینٹی پلاسٹک اینڈ ڈسٹ اسکواڈ پلاسٹک کے فضلے اور گرد آلودگی کے خاتمے پر کام کرے گا۔ پوائنٹ سورس پولیوشن اسکواڈ بڑے ماحولیاتی آلودگی کے ذرائع کی شناخت اور نگرانی کرے گا۔

محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ فضائی معیار کی نگرانی کے لیے موبائل ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز مختلف اضلاع میں تعینات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے گاڑیوں کے اخراج کی جانچ کے لیے متعارف کرائے گئے امیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت اپنی گاڑی کی جانچ کروائی اور پہلا اسٹیکر خود چسپاں کیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی منظوری مینجمنٹ سسٹم (EAMS) کا بھی افتتاح کیا گیا۔

حکومت کے مطابق، ماحولیاتی تحفظ فورس محکمہ ماحولیات کے تحت کام کرے گی اور اس کا مقصد ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button