اوورسیزروزگار
ٹرنڈنگ

متحدہ عرب امارات نے بیرون ملک مقیم افراد کے لیے ورک پرمٹ کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا

درخواست کے لیے ادارے کو سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل شناخت کے ذریعے لاگ اِن کرنا ہوگا: وزارت

متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے انسانی وسائل و امارات کاری نے بیرون ملک مقیم افراد کے لیے ورک پرمٹ حاصل کرنے کا نیا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ یہ سہولت اُن کمپنیوں کے لیے ہے جو ریاست سے باہر سے افرادی قوت کی خدمات حاصل کرنا چاہتی ہیں اور صرف رجسٹرڈ ادارے ہی اس نظام کے تحت درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

وزارت نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جاری بیان میں کہا کہ درخواست کا عمل چار مرحلوں پر مشتمل ہے، جسے سادہ اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں کمپنی کو متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل شناخت کے ذریعے لاگ اِن کر کے مطلوبہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

درخواست جمع ہونے کے بعد، یہ خودکار نظام کے تحت وزارت کو الیکٹرانک طور پر موصول ہو جاتی ہے۔ واضح اور مکمل دستاویزات کی موجودگی میں بعض درخواستوں پر فوری منظوری ممکن ہے، جبکہ کسی قسم کی کمی کی صورت میں متعلقہ ادارے کو آگاہ کر دیا جاتا ہے۔

وزارت کے مطابق ہنرمند افراد کی تعلیمی اسناد کی تصدیق وزارتِ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے کی جائے گی، جس کے لیے مقررہ فیس وصول کی جائے گی اور نتیجہ دو ہفتوں میں جاری ہوگا۔

لیبر کی ریاست میں آمد اور طبی معائنے کی تکمیل کے بعد ملازمت کا معاہدہ جاری کیا جائے گا۔ یہ بھی جانچا جائے گا کہ متعلقہ فرد ہنرمند کے زمرے میں آتا ہے یا غیر ہنرمند میں۔

واضح پاسپورٹ کاپی اور حالیہ تصویر منسلک ہونے کی صورت میں منظوری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اجازت ملنے کے بعد کمپنی کو وفاقی فیس، لازمی انشورنس یا بینک گارنٹی جمع کرانا ہو گی، اور ملازمت کی دستخط شدہ پیشکش منسلک کرنا لازم ہوگا۔

وزارت نے وضاحت کی ہے کہ اس نظام کا مقصد بین الاقوامی سطح پر افرادی قوت کی شفاف، مؤثر اور تیز رفتار بھرتی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button