پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

پنجاب میں موٹرسائیکلوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کے لیے مجوزہ بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

پنجاب حکومت نے صوبے میں فضائی آلودگی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لیے موٹرسائیکلوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی جائے گی، جس کا مسودہ موٹر وہیکلز (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے عنوان سے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

موٹرسائیکلیں صوبے کی 85 فیصد ٹرانسپورٹ کا حصہ ہیں اور ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئی قانون سازی کا مقصد ان گاڑیوں سے خارج ہونے والے مضر دھویں کو محدود کرنا اور شہری صحت و ٹریفک کی سلامتی کو بہتر بنانا ہے۔

ترمیمی بل کا مسودہ متعلقہ اسمبلی کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے، جو آئندہ دو ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔ تجویز کردہ ترمیم کے تحت آرڈیننس کی شق 38-اے میں موٹرسائیکل شامل کی جائے گی، جس کے بعد موٹرسائیکل مالکان کے لیے بھی سالانہ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اس وقت یہ شرط صرف دیگر گاڑیوں پر لاگو ہے۔

فٹنس سرٹیفکیٹ کی معیاد ایک سال ہو گی، جس کی تجدید ہر سال لازمی ہو گی۔ حکام کو امید ہے کہ یہ اقدام نہ صرف موسم سرما میں سموگ جیسے مسائل کو کم کرے گا بلکہ ماحولیاتی بہتری اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف صوبائی حکمت عملی کو بھی تقویت دے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ قانون منظور ہونے کے بعد فٹنس مراکز کے نظام کو وسعت دی جائے گی تاکہ تمام موٹرسائیکل سوار باآسانی اس شرط پر عمل کر سکیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button