پاکستانتازہ ترین

پشاور سیف سٹی منصوبے کا باضابطہ آغاز

منصوبے کے تحت شہر کے 100 سے زائد اہم مقامات پر 700 سے زیادہ جدید نگرانی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے پشاور میں تاخیر کا شکار سیف سٹی منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا، جسے اگلے چھ ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ شہری سیکیورٹی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر بنایا جا سکے۔

منصوبے کے تحت شہر کے 100 سے زائد اہم مقامات پر 700 سے زیادہ جدید نگرانی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق یہ نظام جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کے لیے فوری ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب سیف سٹی اتھارٹی منصوبے کے نفاذ میں تعاون فراہم کرے گی۔

آئی جی پولیس نے بتایا کہ جہاں لاہور میں سیف سٹی منصوبہ 17 ارب روپے میں مکمل ہوا تھا، وہیں پشاور میں یہ منصوبہ صرف 2 ارب روپے میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود منصوبہ مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس کے مثبت نتائج شہریوں کے معیارِ زندگی پر مرتب ہوں گے۔

حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے پشاور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جبکہ عوامی تحفظ اور شہری سہولیات میں بھی بہتری آئے گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button